’’ابھی تک شادی نہیں ہوئی؟‘‘ بظاہر معمولی سا سوال ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں یہ جملہ اکثر عورت کی عمر، شخصیت اور زندگی کے فیصلوں پر سوال اٹھانے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ خاندانی تقریبات ہوں یا عام ملاقاتیں، غیر شادی شدہ عورت کو بار بار اس سوال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی سوال جب کسی مرد سے کیا جائے تو اس کے پیچھے سوچ مختلف ہوتی ہے۔ مرد کی شادی میں تاخیر کو اس کا ذاتی فیصلہ سمجھا جاتا ہے، جبکہ عورت کے معاملے میں اسے اکثر مجبوری یا کسی کمی سے جوڑ دیا جاتا ہے۔
یہ فرق محض الفاظ کا نہیں بلکہ اس سماجی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس میں مرد اور عورت کے لیے زندگی کے الگ الگ پیمانے مقرر ہیں۔ مرد سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ کب شادی کرنا چاہتا ہے، جبکہ عورت سے یہ جاننے کی کوشش کی جاتی ہے کہ اس کی شادی اب تک کیوں نہیں ہوئی۔

حقیقت یہ ہے کہ شادی میں تاخیر کی وجوہات ہر انسان کے لیے مختلف ہو سکتی ہیں۔ کسی کو اپنی پسند کا شریکِ حیات نہیں ملتا، کسی کے لیے مالی حالات رکاوٹ بنتے ہیں، کوئی تعلیم یا پیشہ ورانہ زندگی کو ترجیح دیتا ہے، جبکہ بعض افراد مناسب رشتہ نہ ملنے کے باعث انتظار کرتے ہیں۔ اس لیے ہر غیر شادی شدہ عورت کے بارے میں یہ فرض کر لینا درست نہیں کہ اسے رشتہ نہیں ملا یا وہ کسی مجبوری کا شکار ہے۔
مسئلہ اس وقت مزید واضح ہوتا ہے جب مرد اور عورت کی پسند کو مختلف انداز میں دیکھا جاتا ہے۔ ایک مرد اپنے لیے تعلیم یافتہ، سمجھدار اور اپنی ترجیحات کے مطابق شریکِ حیات تلاش کرے تو اسے اس کا حق سمجھا جاتا ہے۔ وہ رشتے قبول یا مسترد کر سکتا ہے اور اپنی پسند کے مطابق فیصلہ کرنے کے لیے وقت بھی لے سکتا ہے۔ لیکن جب عورت اپنی زندگی کے ساتھی کے انتخاب میں یہی معیار اپنائے تو اسے نخرے کرنے والی، زیادہ مطالبات رکھنے والی یا ضرورت سے زیادہ انتخاب کرنے والی کہا جاتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ اگر مرد کو اپنی زندگی کے لیے بہتر انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے تو عورت کو اسی حق سے محروم کیوں رکھا جائے؟
عمر کے معاملے میں بھی یہی دوہرا معیار دکھائی دیتا ہے۔ عورت تیس یا پینتیس سال کی ہو جائے تو اسے بار بار شادی کی یاد دہانی کرائی جاتی ہے اور بعض اوقات یہ مشورہ بھی دیا جاتا ہے کہ جو رشتہ مل رہا ہے، اسے قبول کر لے۔ دوسری طرف چالیس یا پینتالیس سال کی عمر میں مرد کا اپنی پسند کے مطابق رشتہ تلاش کرنا عموماً اسی طرح تنقید کا موضوع نہیں بنتا۔
عورت کو یہ بھی سننا پڑتا ہے کہ ’’آخر کب تک بھائی کے گھر بیٹھی رہو گی؟‘‘ یا ’’جو رشتہ مل رہا ہے، کر لو، کم از کم گھر تو آباد ہو جائے گا۔‘‘ ایسے جملوں میں یہ تصور چھپا ہوتا ہے کہ عورت کی زندگی شادی کے بغیر نامکمل ہے اور اسے اپنی خوشی سے زیادہ معاشرتی توقعات کو اہمیت دینی چاہیے۔
لیکن کیا شادی کا مقصد صرف گھر بسانا ہے؟ کیا عورت کی عزتِ نفس، ذہنی سکون، پسند اور مستقبل کی خواہشات کی کوئی اہمیت نہیں؟ کیا محض معاشرتی دباؤ کی وجہ سے ایسا رشتہ قبول کر لینا درست ہے جس میں ذہنی ہم آہنگی اور باہمی احترام موجود نہ ہو؟
شادی دو انسانوں کے درمیان زندگی بھر کی شراکت کا نام ہے، کوئی سماجی مقابلہ نہیں جس میں ایک خاص عمر تک کامیابی حاصل کرنا ضروری ہو۔ اس رشتے کی مضبوط بنیاد محبت، اعتماد، احترام اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی صلاحیت ہے۔ صرف عمر یا معاشرتی دباؤ کو سامنے رکھ کر کیا گیا فیصلہ کسی کے لیے خوش گوار زندگی کی ضمانت نہیں بن سکتا۔
ہمیں یہ بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر عورت کی زندگی کے حالات اور ترجیحات یکساں نہیں ہوتیں۔ کسی کی شادی میں تاخیر اس کی ناکامی، کسی کمی یا اس کے کردار کا پیمانہ نہیں۔ اسی طرح مرد کی غیر شادی شدہ حیثیت کو اس کی آزادی اور عورت کی اسی حیثیت کو اس کی محرومی سمجھنا بھی درست نہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم لوگوں کی نجی زندگیوں میں غیر ضروری مداخلت اور ذاتی سوالات سے گریز کریں۔ کسی سے یہ پوچھنے کے بجائے کہ ’’ابھی تک شادی کیوں نہیں کی؟‘‘ ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ کیا یہ سوال پوچھنا واقعی ضروری ہے؟
کیونکہ شادی کرنا یا نہ کرنا کسی انسان کی ذاتی زندگی کا فیصلہ ہے۔ عورت ہو یا مرد، دونوں کو اپنی پسند، حالات اور ترجیحات کے مطابق زندگی گزارنے کا یکساں حق حاصل ہے۔
