نازیہ محمد
دنیا بھر میں ہر سال 19 نومبر کو خواتین کا عالمی یومِ کاروبار (ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے) منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد کاروباری شعبے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے مواقع کی اہمیت واضح کرنا ہے۔ پاکستان میں بھی ہزاروں خواتین ہنر اور صلاحیت رکھنے کے باوجود مالی وسائل، خاندانی پابندیوں اور کاروباری رہنمائی کی کمی کے باعث اپنے کام کو باقاعدہ کاروبار میں تبدیل نہیں کر پاتیں۔
سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی فروری 2023 کی مشترکہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں تقریباً 32 لاکھ خواتین اپنا کاروبار یا خود روزگار سے وابستہ ہیں۔ یہ تعداد کام کرنے کی عمر کی خواتین کا تقریباً 4 فیصد بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواتین آجروں کی شرح صرف 0.1 فیصد ہے، جبکہ مردوں میں یہ شرح 1.8 فیصد ہے۔ تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ خواتین کے کاروبار سے متعلق مستند اعداد و شمار کی کمی مؤثر حکمت عملی بنانے میں رکاوٹ ہے۔
.jpg)
عالمی بینک کی رپورٹ ’’پاکستان میں خواتین کی معاشی خودمختاری‘‘ کے مطابق ملک میں زرعی شعبے سے باہر خواتین کے دس میں سے تقریباً آٹھ کاروبار گھروں سے چلائے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں 5 کروڑ 50 لاکھ خواتین کے بینکنگ سہولیات سے محروم ہونے اور 4 کروڑ 70 لاکھ خواتین کے محنت کی منڈی سے باہر ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ اس صورت حال سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ خواتین کو کاروبار شروع کرنے اور اسے آگے بڑھانے کے لیے مالی سہولیات، منڈیوں تک رسائی اور نقل و حرکت کے مواقع فراہم کرنا کتنا ضروری ہے۔
.jpg)
کاروبار شروع کرنے کے لیے صرف ہنر کافی نہیں ہوتا بلکہ سرمایہ، مارکیٹنگ، تربیت اور مناسب رہنمائی بھی ضروری ہے۔ خواتین کو بینکوں سے قرض حاصل کرنے میں ضمانت، جائیداد اور مالی دستاویزات سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عالمی بینک کی تحقیق کے مطابق خواتین کے پاس کاروبار کے لیے درکار اثاثوں اور مالی وسائل تک رسائی بھی محدود ہے۔ بعض صورتوں میں خاندانی فیصلے اور خواتین کے اپنے کاروبار پر اختیار کی کمی بھی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ خواتین کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائے، بینکنگ سہولیات تک ان کی رسائی بہتر کرے اور ہر ضلع میں کاروباری تربیت و رہنمائی کے مراکز قائم کرے۔ ان مراکز میں خواتین کو کاروبار کی منصوبہ بندی، مصنوعات کی تشہیر، مالی معاملات اور آن لائن فروخت کے طریقے سکھائے جائیں تاکہ وہ اپنے ہنر کو آمدن کا مستقل ذریعہ بنا سکیں۔
معاشی طور پر خودمختار خاتون نہ صرف اپنے گھر کے اخراجات میں حصہ ڈال سکتی ہے بلکہ بچوں کی تعلیم، خاندان کی ضروریات اور ملکی معیشت میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ خاندان خواتین کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں اپنے فیصلے کرنے اور کاروبار آگے بڑھانے کا اختیار دیں۔
ویمن انٹرپرینیورشپ ڈے کا اصل پیغام یہی ہے کہ خواتین کو محض ہمدردی اور حوصلہ افزائی کے الفاظ نہیں بلکہ سرمایہ، تربیت، مارکیٹ تک رسائی اور کاروبار کے حقیقی مواقع درکار ہیں۔ پاکستان میں خواتین کے پاس ہنر اور محنت کی کمی نہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے برابر مواقع فراہم کیے جائیں۔
