خیبرپختونخوا میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیشِ نظر پولیس کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
اے آئی جی آپریشنز خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے صوبے کے تمام ضلعی پولیس افسران کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سوات: کبل پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکا، 7 پولیس اہلکار شہید، 18 زخمی
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپیشل برانچ کی رپورٹ کے تناظر میں پولیس اہلکاروں، تھانوں، چیک پوسٹوں اور دیگر پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کی جائے، جبکہ اہلکار ڈیوٹی کے دوران غیر معمولی احتیاط برتیں۔
ہدایت نامے کے مطابق تمام اضلاع ضروری حفاظتی اقدامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں اور 6 اگست تک عمل درآمد رپورٹ بھی جمع کرائیں۔
حکام نے پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں پولیس کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے اور دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل ضلع سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد صوبے بھر میں پولیس کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
