صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 24 سے 27 جولائی تک خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ حساس علاقوں کے مقامی ندی نالوں اور برساتی نالوں میں فلیش فلڈ آنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے:  خیبرپختونخوا میں بارشوں سے نقصانات میں مزید اضافہ، پی ڈی ایم اے کی تازہ رپورٹ جاری

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کھڑی فصلوں، کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی، اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی بروقت تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے یا سیلابی پانی عبور کرنے سے اجتناب کریں، جبکہ بچوں کو ندی نالوں، کھڑے پانی اور کھلے گڑھوں سے دور رکھا جائے۔

 

پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مویشی پال افراد کو بارش اور تیز ہواؤں کے دوران جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔