پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے 19 جولائی سے اب تک صوبے میں تیز بارشوں اور فلیش فلڈ سے ہونے والے نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث 28 افراد جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 47 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 37 گھروں کو جزوی اور 10 گھروں کو مکمل نقصان ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے 7 اضلاع میں نئی حد بندی کا شیڈول جاری کر دیا
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 10 مرد، 15 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 9 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ زیادہ تر واقعات گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے یا سیلابی ریلوں میں بہہ جانے کے باعث پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اپر کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور آپس میں مسلسل رابطے میں ہیں۔
ادارے نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے، متاثرین کو فوری مالی و امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، اور سرکاری الرٹس و ایڈوائزری پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دے سکتے ہیں۔
