شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں بیوی اور 16 سالہ بیٹی کے مبینہ قتل کے مقدمے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم بنات گل کو آلۂ قتل (اسلحہ) سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شام پیش آیا، جہاں ملزم پر الزام ہے کہ اس نے گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ کر کے اپنی اہلیہ اور 16 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزم اپنے گھر میں ہی موجود تھا۔
یہ بھی پڑھیے: کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس ژوب میں گہری کھائی میں جا گری، 40 افراد جاں بحق
پولیس نے آج صبح کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس کے گھر سے گرفتار کر لیا اور مبینہ آلۂ قتل بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے بارے میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ مبینہ طور پر آئس (منشیات) کے استعمال کا عادی تھا، تاہم پولیس کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، اور حتمی حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
