مہمند لوئر سب ڈویژن یکہ غنڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی معمول کی گشت پر مامور موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت دو پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔

 

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ یکہ غنڈ کی حدود مچنی عقرب ڈاگ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او زیت اللہ اور ہیڈ کانسٹیبل نور زیب موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ پولیس موبائل کے ڈرائیور کانسٹیبل ظاہر شدید زخمی ہو گئے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 34 نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیاں

 

شہداء کی میتوں اور زخمی اہلکار کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) یکہ غنڈ منتقل کیا گیا، جہاں زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رضا محمد اور ڈی ایس پی دلفراز بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

 

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔