پشاور الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا نے ضلع پشاور سے تعلق رکھنے والے مزید 34 نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا، جبکہ ہر جوڑے کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا گھریلو استعمال کا سامان بھی فراہم کیا گیا۔ تقریب میں 1300 سے زائد مہمانوں کے لیے دعوتِ ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔

 

ہر نوبیاہتا جوڑے کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا گھریلو سامان فراہم کیا گیا، جس میں ڈبل بیڈ، واشنگ مشین، پیڈسٹل فین، ڈریسنگ ٹیبل، سلائی مشین، استری، واٹر سیٹ، چائے سیٹ، ڈنر سیٹ اور روزمرہ استعمال کی مجموعی طور پر 38 ضروری اشیا شامل تھیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: مسلسل کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ

 

تقریب میں 34 جوڑوں کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب سمیت 1300 سے زائد مہمانوں کے لیے پرتکلف دعوتِ ولیمہ کا اہتمام بھی کیا گیا، جبکہ تمام اخراجات الخدمت فاؤنڈیشن کے دیرینہ ڈونر حاجی حکمان الدین اور دیگر مخیر حضرات نے برداشت کیے۔

 

الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق، آسان نکاح پراجیکٹ کے تحت اب تک ملک بھر میں 13 ہزار سے زائد نادار گھرانے اجتماعی شادیوں کی سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔

 

آخر میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب پیراماؤنٹ کلب، نادرن بائی پاس پشاور میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے صدر خالد وقاص نے کی، جبکہ تقریب کے مہمانِ خصوصی جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی تھے۔

 

تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز عامر محمود چیمہ، جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع، معروف سماجی شخصیت حاجی حکمان الدین، الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا وسطی کے نائب صدر ارباب عبدالحسیب، ضلعی صدر افتخار احمد خان سمیت معززینِ شہر اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔