پشاور کے سرکاری خیبر ٹیچنگ ہسپتال  میں مستحق مریضوں کے لیے مفت گردہ ٹرانسپلانٹ سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جبکہ پروگرام کے تحت پہلا کامیاب گردہ ٹرانسپلانٹ بھی مکمل کر لیا گیا۔ اس آپریشن میں ایک بھائی نے اپنا گردہ عطیہ کرکے دوسرے بھائی کو نئی زندگی دے دی۔

 

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مفت گردہ ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت پہلا آپریشن ایک مستحق خاندان سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائیوں کے درمیان کیا گیا، جو کامیابی سے مکمل ہوا۔

 

یہ بھی پڑھیے: مردان گوردوارہ واقعہ: متاثرہ خاندان اور گوردوارے کے لیے حکومتی امداد کا اعلان

 

ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر شاہد خان نے بتایا کہ گردہ ٹرانسپلانٹ ایک پیچیدہ اور انتہائی مہنگا طبی عمل ہے، تاہم خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں اب یہ سہولت مستحق مریضوں کو مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق مریض اور گردہ عطیہ کرنے والے شخص کی مکمل طبی جانچ اور ضروری ٹیسٹوں کے بعد کامیاب آپریشن کیا گیا۔

 

ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد مریض اور ڈونر دونوں کی صحت تسلی بخش ہے اور وہ ایک ہفتے کے اندر صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔

 

حکام کے مطابق خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی مدد سے ٹرانسپلانٹ پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ مستقبل میں مستحق مریضوں کے لیے مفت بون میرو اور جگر ٹرانسپلانٹ سروسز شروع کرنے کا بھی منصوبہ زیر غور ہے۔