پاراچنار (خیبر پختونخوا): ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر کی ہدایات پر لوئر اور اپر کرم کے خصوصی افراد کے لیے کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کھیل کے حکام نے شرکت کی۔
ٹورنامنٹ میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر امجد علی اور کرم اسپیشل پرسن اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اقبال حسین بھی موجود تھے۔

اس مقابلے کا مقصد خصوصی افراد کو کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا، ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور معاشرتی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانا ہے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ خصوصی افراد بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان میں بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں۔ مناسب مواقع، سہولیات اور حوصلہ افزائی کے ذریعے وہ کھیلوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے صدر اقبال حسین نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خصوصی افراد کے لیے مزید کھیلوں کے مقابلوں اور سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ کھیل نے بھی خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات کی اہمیت اجاگر کی۔
