پشاور: محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے تیتر کے شکار کے لیے نیا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے 15 نومبر 2026 سے 11 جنوری 2027 تک مخصوص گیم ریزروز میں شکار کی اجازت دے دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق شکار صرف ان گیم ریزروز میں کیا جا سکے گا جنہیں سرکاری فہرست میں کھلا قرار دیا گیا ہے۔

 

اعلامیے میں سی سی تیتر، بلیک تیتر، گرے تیتر اور چکور کے شکار کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اس کے لیے خصوصی پرمٹ اور درست شوٹنگ لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بغیر پرمٹ اور قانونی لائسنس کے شکار کی اجازت نہیں ہوگی۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق ایک گیم ریزرو میں روزانہ زیادہ سے زیادہ دو شکار پارٹیوں کو اجازت ہوگی اور ہر پارٹی میں چار سے زیادہ بندوقیں رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شکار کی اجازت پرندوں کی دستیابی اور ان کی آبادی کی صورتحال سے مشروط ہوگی، جبکہ ضرورت پڑنے پر خصوصی پرمٹس کا اجرا بند بھی کیا جا سکے گا۔

 

اعلامیے کے تحت کمیونٹی گیم ریزروز میں شکار کے لیے متعلقہ ولیج کنزرویشن کمیٹی جبکہ نجی گیم ریزروز میں مالک کی پیشگی رضامندی لازمی ہوگی۔ ایک شخص کو ایک دن میں ایک سے زیادہ گیم ریزرو یا یونٹ کے لیے پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا اور جمع شدہ فیس ناقابل واپسی ہوگی۔

 

محکمہ نے گیم ریزروز کی تین کیٹیگریز کے لیے پرمٹ فیس مقرر کی ہے۔ کیٹیگری اے کی فیس 20 ہزار روپے اور شکار کی حد آٹھ پرندے، کیٹیگری بی کی فیس 12 ہزار روپے اور حد چھ پرندے، جبکہ کیٹیگری سی کی فیس 7 ہزار روپے اور حد چار پرندے مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مقررہ حد سے اضافی شکار پر بلیک تیتر کے لیے آٹھ ہزار، گرے تیتر کے لیے سات ہزار، چکور کے لیے آٹھ ہزار اور سی سی تیتر کے لیے 10 ہزار روپے فی پرندہ معاوضہ وصول کیا جائے گا۔

 

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق خصوصی پرمٹس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 90 فیصد مقامی کمیونٹیز کو دیا جائے گا، جو یہ رقم جنگلی حیات کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کریں گی، جبکہ باقی 10 فیصد محکمہ جنگلی حیات کے ریونیو اکاؤنٹ میں جمع ہوگا۔