چائے اور کافی دنیا بھر میں استعمال ہونے والے مقبول مشروبات ہیں، لیکن صحت کے لیے ان میں سے بہتر انتخاب کون سا ہے؟ طبی تحقیقات کے مطابق دونوں میں کیفین اور قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جو جسم میں خلیوں کو نقصان پہنچانے والے عوامل اور سوزش کے خلاف کردار ادا کر سکتے ہیں۔ کافی میں موجود کیفین دماغ کو چوکنا رکھنے، توجہ بڑھانے اور وقتی تھکاوٹ کم کرنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ چائے میں کیفین نسبتاً کم ہوتی ہے اور اس میں موجود قدرتی اجزا دل اور مجموعی صحت کے لیے ممکنہ فوائد رکھتے ہیں۔ امریکی ادارۂ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) کے مطابق 12 اونس کافی میں تقریباً 113 سے 247 ملی گرام، جبکہ اسی مقدار کی کالی چائے میں تقریباً 71 ملی گرام کیفین ہوتی ہے۔

2024 میں طبی جریدے ہیلتھ سائنس رپورٹس میں شائع ہونے والے تحقیقی جائزے میں چائے اور کافی کے ممکنہ صحت بخش اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح طبی جریدے ایپیڈیمیولوجی اینڈ ہیلتھ میں شائع ہونے والے ایک بڑے تحقیقی تجزیے میں چائے کے معتدل استعمال اور قلبی صحت کے بہتر نتائج کے درمیان تعلق سامنے آیا۔ تاہم دونوں مشروبات کا ضرورت سے زیادہ استعمال نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے۔ کافی میں زیادہ کیفین بے چینی، گھبراہٹ، نیند کی خرابی، دل کی دھڑکن تیز ہونے اور بعض افراد میں بلڈ پریشر بڑھنے کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ چائے کا حد سے زیادہ استعمال بھی نیند متاثر کر سکتا ہے۔ کھانے کے ساتھ بہت زیادہ چائے پینے سے اس میں موجود ٹیننز آئرن کے جذب کو کم کر سکتے ہیں، خصوصاً ان افراد میں جن میں پہلے ہی آئرن کی کمی ہو۔

ماہرین صحت کے مطابق صحت مند بالغ افراد کے لیے روزانہ مجموعی طور پر 400 ملی گرام تک کیفین عموماً محفوظ سمجھی جاتی ہے، تاہم یہ مقدار کافی اور چائے دونوں کو ملا کر شمار کی جاتی ہے۔ عملی طور پر ایک سے دو کپ کافی یا دو سے تین کپ چائے معتدل استعمال کی مثال ہو سکتے ہیں، لیکن کیفین کی مقدار کپ کے حجم اور تیاری کے طریقے کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔ حمل کے دوران روزانہ کیفین 200 ملی گرام تک محدود رکھنے کی ہدایت دی جاتی ہے، جبکہ بچوں اور نوعمروں کو کیفین والے مشروبات سے حتی الامکان گریز کرنا چاہیے۔ اس لیے چائے اور کافی میں سے کسی ایک کو ہر شخص کے لیے بہترین قرار نہیں دیا جا سکتا اصل اہمیت مناسب مقدار، کم چینی اور اپنی صحت کے مطابق انتخاب کی ہے۔
