پشاور: سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر نصب تیز روشنی والی فلیش لائٹس کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق تیز اور چکاچوند روشنی والی فلیش لائٹس سامنے سے آنے والے ڈرائیوروں کی بینائی متاثر کرتی ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کو ان لائٹس کے نقصانات سے آگاہ کرنے کے لیے مہم بھی چلا رہی ہے اور انہیں دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔

سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں غیر ضروری اور تیز روشنی والی فلیش لائٹس استعمال نہ کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کارروائیوں کا دائرہ دوسرے مرحلے میں مزید بڑھایا جائے گا، جس کے دوران فلیش لائٹس فروخت کرنے والے دکانداروں اور دیگر عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
