سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کوے بصری معلومات کو سمجھنے اور ان کی بنیاد پر فیصلہ کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جرمنی کی یونیورسٹی آف ٹیوبنگن کے محققین کے مطابق کوے بعض بصری فیصلے انسانوں اور بندروں کے مقابلے میں تقریباً دوگنی تیزی سے کر سکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق کووں کو حرکت کرتے نقطوں کی سمت پہچاننے اور جواب دینے میں اوسطاً صرف 235 ملی سیکنڈ لگے، یعنی ایک سیکنڈ کا تقریباً چوتھائی حصہ۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے سائنس میں شائع ہوئی ہے۔
محققین نے اس تجربے کے دوران دو کالے کووں کو ایک ٹچ اسکرین کے سامنے بٹھایا، جس پر مختلف نقطے حرکت کر رہے تھے۔ کووں کو یہ شناخت کرنا تھی کہ زیادہ تر نقطے دائیں جانب جا رہے ہیں یا بائیں جانب۔ جواب دینے کے لیے انہیں اسکرین پر متعلقہ سمت میں چونچ مارنی تھی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جب نقطوں کی حرکت واضح تھی تو کووں کے درست جواب دینے کی شرح تقریباً 100 فیصد رہی، جبکہ مشکل صورت حال میں بھی انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ تحقیق کا ایک اور اہم پہلو یہ تھا کہ کووں کا دماغ حرکت شروع ہونے کے صرف 70 ملی سیکنڈ بعد ہی اس کی سمت سے متعلق معلومات پر کارروائی شروع کر دیتا ہے۔

سائنس دانوں نے اس عمل کو سمجھنے کے لیے کووں کے دماغ کے ایک مخصوص حصے میں اعصابی خلیوں کی سرگرمی ریکارڈ کی۔ اس حصے کو نیڈوپیلیم کاوڈولیٹرالے کہا جاتا ہے، جو معلومات کو سمجھنے اور فیصلے کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ حصہ انسانی دماغ کے پری فرنٹل کارٹیکس کی طرح سوچنے، معلومات کا جائزہ لینے اور فیصلے کرنے کے عمل میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پرندوں اور انسانوں کے دماغ کی ساخت مختلف ہونے کے باوجود معلومات کا تجزیہ کرنے اور فیصلہ کرنے کے بنیادی طریقوں میں حیرت انگیز مماثلت پائی جاتی ہے۔ انسانوں اور دیگر ممالیہ جانوروں کے دماغ میں سیریبرل کارٹیکس موجود ہوتا ہے، جبکہ پرندوں کے دماغ کی ساخت اس سے مختلف ہے، لیکن اس کے باوجود کوے پیچیدہ معلومات کو سمجھنے اور نتیجہ اخذ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

محققین کے مطابق کووں کی تیز فیصلہ سازی ان کی ارتقائی ضروریات سے جڑی ہو سکتی ہے۔ اڑتے ہوئے راستوں اور رکاوٹوں کو فوری سمجھنا اور خوراک تلاش کرتے وقت درست جگہ کا انتخاب کرنا ان کی بقا کے لیے اہم ہے۔
تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کووں کے دماغ کی مختلف ساخت انہیں اتنی تیزی سے فیصلے کرنے میں کس طرح مدد دیتی ہے، اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ذہانت کا تعلق صرف دماغ کے حجم یا ساخت سے نہیں بلکہ اس بات سے بھی ہے کہ دماغ معلومات کو کتنی تیزی اور مؤثر انداز میں سمجھتا ہے۔
