باپ نے بیٹیوں کی بہتر تعلیم کے لیے اپنا گاؤں چھوڑ دیا، لیکن ناہید جہانگیر کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے صرف تعلیمی مشکلات ہی نہیں بلکہ معاشرتی مخالفت، خاندانی دباؤ، دھمکیوں اور حملے جیسے حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ کبھی ان کے کالج جانے پر سوال اٹھائے گئے، کبھی ٹی وی اسکرین پر آنے کو خاندان کی عزت سے جوڑا گیا، مگر انہوں نے صحافت کا راستہ نہیں چھوڑا۔ آج وہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اسسٹنٹ میڈیا مینیجر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور ان کے محلے کے والدین اپنی بیٹیوں کو ان کی مثال دے کر آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
میرے والد ہمیشہ کہتے تھے کہ مرد اور عورت میں فرق صرف جنس کا ہے، صلاحیتوں، ذمہ داریوں اور اختیارات کے اعتبار سے دونوں برابر ہیں۔ انہیں اپنی بیٹیوں کی تعلیم کا خاص شوق تھا۔ جب ہماری تعلیم شروع کرنے کا وقت آیا تو والدین نے ضلع چارسدہ کے علاقے شبقدر میں اپنا گاؤں چھوڑ کر پشاور منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔ والد کا خیال تھا کہ شہر میں بیٹیوں کو تعلیم کے بہتر مواقع ملیں گے اور وہ اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں گی۔ انہوں نے ہمیشہ ہماری حوصلہ افزائی کی اور کسی کو ہماری تعلیم یا زندگی کے فیصلوں میں مداخلت کی اجازت نہیں دی۔
میٹرک کے بعد جب میں نے کالج میں داخلہ لیا تو خاندان اور معاشرے کے بعض افراد نے اعتراضات شروع کردیے۔ سوال اٹھائے جاتے کہ لڑکی کالج کیوں جاتی ہے، گھر سے باہر کیوں نکلتی ہے اور لڑکوں کے ساتھ تعلیم کیوں حاصل کرتی ہے۔ لیکن میرے والد نے ان اعتراضات کے سامنے میرا ساتھ نہیں چھوڑا۔ ان کی حمایت نے مجھے تعلیم جاری رکھنے اور اپنے خوابوں کے لیے جدوجہد کرنے کا حوصلہ دیا۔
میں نے پشاور یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم میں ماسٹرز کیا، جبکہ بعد ازاں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے میڈیا اسٹڈیز میں ایم فل مکمل کیا۔ تعلیم کے بعد میں نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن سے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد خیبر ٹی وی اور خیبر سحر میں کام کیا اور پھر ٹرائبل نیوز نیٹ ورک (ٹی این این) کے ساتھ چار سال تک وابستہ رہی۔ اس ادارے میں کام کے دوران مجھے اپنی صحافتی صلاحیتیں بہتر بنانے اور عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملا۔
.jpg)
ٹی این این میں کام کے دوران میں نے پشتو زبان میں فیس بک لائیو نیوز پیش کرنے والی پہلی خاتون کا اعزاز حاصل کیا۔ ابتدا میں یہ تجربہ میرے لیے آسان نہیں تھا۔ لائیو نشریات کے دوران بعض صارفین نامناسب تبصرے کرتے تھے، جس سے کبھی میرا حوصلہ بھی متاثر ہوتا۔ ایک موقع پر میں نے فیس بک لائیو نیوز چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، لیکن ادارے کے ڈائریکٹر سید نذیر نے میری حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے مجھے سمجھایا کہ آگے بڑھنے کے لیے منفی تبصروں کو نظرانداز کرکے اپنے کام پر توجہ دینا ضروری ہے۔ ان کی رہنمائی نے مجھے اپنا فیصلہ بدلنے اور کام جاری رکھنے کا حوصلہ دیا۔
صحافت کے ساتھ مجھے ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن، پاکستان پریس فاؤنڈیشن اور میڈیا میٹرز جیسے اداروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع بھی ملا۔ مختلف ممالک میں تبادلے کے پروگراموں کے تحت امریکہ، قطر، دبئی اور ابوظہبی سمیت مختلف مقامات کے دورے کیے، جہاں مجھے نئے تجربات حاصل کرنے اور اپنے پیشہ ورانہ علم میں اضافہ کرنے کا موقع ملا۔
1.jpg)
میڈیا میں میری موجودگی پر اعتراضات بھی جاری رہے۔ بعض افراد میرے گھر والوں کو فون کرکے شکایت کرتے کہ میں ٹی وی اسکرین پر آتی ہوں اور جب لوگ حجرے میں بیٹھ کر خبریں دیکھتے ہیں تو انہیں ناہید نظر آتی ہے۔ بعض لوگ میرے پیشہ ورانہ کام کو خاندان کی عزت سے جوڑ کر تنقید کرتے تھے۔ تاہم میرے والدین اور بہنوں کے علاوہ کئی ایسے لوگ بھی تھے جو میری کامیابی پر خوش ہوتے، میری حوصلہ افزائی کرتے اور مجھے آگے بڑھنے کا مشورہ دیتے تھے۔
جنوری 2025 میں مجھے ایک انتہائی تکلیف دہ واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔ میں رکشے میں سفر کر رہی تھی کہ میرے ماموں کے بیٹوں نے مجھ پر اور میری دو بہنوں پر حملہ کیا اور گھونسوں سے وار کیے۔ اس واقعے نے مجھے اور میری بہنوں کو متاثر کیا، لیکن اس کے بعد بعض قریبی افراد اور صحافتی حلقے سے ملنے والے ردعمل نے بھی مجھے مایوس کیا۔ کچھ لوگوں نے الزام لگایا کہ شاید میں ملک سے باہر جانے کے لیے حملے کا ڈرامہ کر رہی ہوں، جبکہ بعض نے واقعے کو معمولی لڑائی قرار دیا۔ میرے لیے یہ رویے مزید تکلیف دہ تھے کیونکہ جس واقعے نے مجھے متاثر کیا، بعض لوگ اسی پر شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے تھے۔
.jpg)
مجھے آج بھی خاندان کے بعض افراد، خصوصاً ننھیال کی طرف سے مخالفت اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود میں نے اپنے کام اور پیشہ ورانہ ترقی پر توجہ برقرار رکھی۔ میں سمجھتی ہوں کہ دوسروں کی منفی باتوں میں الجھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور اپنے مقصد کے لیے محنت جاری رکھنا زیادہ اہم ہے۔
آج میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں اسسٹنٹ میڈیا مینیجر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہوں۔ سوشل میڈیا پر بھی متحرک ہوں اور آگاہی پر مبنی ویڈیوز بناتی ہوں۔ جب لوگ مجھے گوگل پر تلاش کرتے ہیں اور میری پیشہ ورانہ کارکردگی دیکھتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔ بعض اوقات لڑکیاں راستے میں روک کر پوچھتی ہیں، ’’آپ ناہید ہیں نا؟‘‘ میرے لیے یہ پہچان اور لوگوں کی محبت کسی اعزاز سے کم نہیں۔
.jpg)
میری زندگی میں سب سے بڑی تبدیلی یہ ہے کہ جس محلے میں کبھی میری تعلیم اور میڈیا میں کام کرنے پر اعتراضات اٹھتے تھے، آج وہاں بعض والدین اپنی بیٹیوں کو میری مثال دے کر تعلیم حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ وہ اپنی بچیوں سے کہتے ہیں کہ وہ بھی پڑھیں، اپنی صلاحیتیں منوائیں اور اپنی شناخت بنائیں۔ میرے نزدیک یہ کسی ایوارڈ سے کم کامیابی نہیں کہ میری جدوجہد اب دوسری لڑکیوں کے لیے بھی حوصلے کا سبب بن رہی ہے۔
مجھے ایک شخص نے مشورہ دیا تھا کہ اگر کچھ لوگ آپ کی ترقی سے خوش نہیں تو ان سے الجھنے یا بدلہ لینے کے بجائے اپنی شخصیت، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مقام پر کام کریں۔ میں نے اس مشورے کو اپنایا اور سمجھا کہ نفرت کا جواب نفرت سے نہیں بلکہ محنت اور کامیابی سے دینا چاہیے۔ تنقید کرنے والے ہمیشہ موجود رہتے ہیں، لیکن اگر انسان ہر بات کو دل پر لے کر اپنی زندگی دوسروں کی سوچ کے مطابق گزارنے لگے تو اپنے مقاصد حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
میں چاہتی ہوں کہ میری کہانی ان لڑکیوں تک پہنچے جو خاندانی دباؤ، معاشرتی پابندیوں اور لوگوں کے طعنوں کی وجہ سے اپنے خواب چھوڑنے کا سوچ رہی ہیں۔ میں انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ ان کی تعلیم، صلاحیتیں اور مستقبل اہم ہیں اور انہیں اپنی پہچان بنانے کا پورا حق حاصل ہے۔
.jpg)
والدین سے بھی میری اپیل ہے کہ معاشرتی دباؤ اور دوسروں کی باتوں کی وجہ سے اپنی بیٹیوں کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کو محدود نہ کریں۔ اپنی بیٹیوں کے لیے جس تعلیم اور ترقی کی خواہش رکھتے ہیں، دوسروں کی بیٹیوں کو بھی وہی مواقع دیں۔ کیونکہ ایک لڑکی کی تعلیم صرف اس کی اپنی زندگی نہیں بدلتی بلکہ پورے خاندان اور آنے والی نسلوں کی سوچ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
میں نے اپنی زندگی میں دیکھا ہے کہ ایک باپ کا یقین کس طرح بیٹی کے لیے راستہ بنا سکتا ہے۔ کبھی میری تعلیم اور صحافت پر اعتراض کرنے والے لوگ آج اپنی بیٹیوں کو میری مثال دیتے ہیں۔ میرے لیے یہی اصل کامیابی ہے کہ میری جدوجہد صرف میری ذات تک محدود نہیں رہی بلکہ دوسری لڑکیوں کے لیے بھی امید اور آگے بڑھنے کا حوصلہ بن گئی ہے۔
