ہر علاقے کی اپنی کچھ روایات اور ذائقے ہوتے ہیں جو اسے دوسروں سے الگ پہچان دیتے ہیں۔ سخاکوٹ میں پالک، دیسی گھی اور جوار کی روٹی بھی ایسی ہی روایتی غذائیں ہیں، جن کا ذائقہ صرف کھانے تک محدود نہیں بلکہ یہاں کی مہمان نوازی اور مقامی ثقافت سے بھی جڑا ہوا ہے۔
سردیوں میں تازہ پالک کا سالن، اس میں دیسی گھی کا استعمال اور ساتھ گرم گرم جوار کی روٹی ایک ایسا روایتی امتزاج ہے جسے آج بھی بہت سے گھرانوں میں پسند کیا جاتا ہے۔ اگرچہ وقت کے ساتھ کھانے پینے کی عادات بدلی ہیں اور پیزا، برگر سمیت دیگر بازاری کھانوں کا استعمال بڑھا ہے، لیکن سخاکوٹ کے یہ مقامی ذائقے اب بھی اپنی جگہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

ماضی میں لوگ اپنے کھیتوں میں اگنے والی سبزیاں استعمال کرتے تھے۔ دودھ سے مکھن نکال کر گھروں میں دیسی گھی تیار کیا جاتا تھا اور جوار کی روٹی بھی عام خوراک کا حصہ تھی۔ آج بھی ان چیزوں کو روایتی انداز میں کھانے کا شوق رکھنے والے افراد موجود ہیں۔
سخاکوٹ کی اس روایت کا ایک دلچسپ پہلو یہاں کی مہمان نوازی ہے۔ میری شادی جب اس علاقے میں ہوئی تو ابتدا میں مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہاں مہمانوں کو رخصت کرتے وقت مقامی غذائیں ساتھ دینے کا بھی ایک خاص رواج ہے۔ میں نے کئی مرتبہ دیکھا کہ سوات، پشاور یا دوسرے علاقوں سے آنے والے مہمان واپسی پر پالک، دیسی گھی اور جوار کی روٹی ساتھ لے جانے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں۔

شروع میں مجھے حیرت ہوتی تھی کہ یہ چیزیں تو دوسرے علاقوں میں بھی ملتی ہیں، پھر یہاں کے لوگ انہیں اتنے شوق سے کیوں لے جاتے ہیں؟ لیکن وقت کے ساتھ سمجھ آیا کہ ہر علاقے کے اپنے ذائقے اور پہچان ہوتی ہے۔ لوگوں کے لیے اپنے علاقے کی عام سی چیزیں بھی خاص اہمیت رکھتی ہیں اور ان سے جذباتی وابستگی ہوتی ہے۔
یہ بظاہر ایک معمولی سی بات ہے، لیکن اس میں میزبان کی محبت اور اپنائیت چھپی ہوتی ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ مہمان صرف اچھی یادیں ہی نہیں بلکہ اپنے علاقے کا ذائقہ بھی ساتھ لے کر جائے۔ یہی وجہ ہے کہ سخاکوٹ میں پالک، دیسی گھی اور جوار کی روٹی محض غذائیں نہیں بلکہ مہمان نوازی کی ایک خوبصورت علامت بھی ہیں۔
یہ روایتی کھانے سخاکوٹ کی ایک الگ پہچان بن سکتے ہیں اور مقامی سیاحت کے فروغ میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سوات، پشاور اور دیگر علاقوں سے آنے والے سیاحوں کو اگر یہاں کے مقامی کھانوں سے متعارف کروایا جائے تو انہیں علاقے کی ثقافت اور رہن سہن کو سمجھنے کا ایک نیا موقع مل سکتا ہے۔

مقامی کاروباری افراد چھوٹے پیمانے پر ایسے کھانے پینے کے مراکز قائم کر سکتے ہیں جہاں پالک، دیسی گھی اور جوار کی روٹی سمیت دیگر مقامی غذائیں دستیاب ہوں۔ اس سے ایک طرف روایتی کھانوں کو فروغ مل سکتا ہے تو دوسری طرف مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
وقت کے ساتھ نئی نسل کی پسند اور کھانے پکانے کے انداز تبدیل ہو رہے ہیں، لیکن اس تبدیلی کے دوران اپنی روایات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ بچوں کو بھی اپنے علاقے کے روایتی کھانوں اور ان سے جڑی ثقافت کے بارے میں بتانا ضروری ہے تاکہ یہ ذائقے آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتے رہیں۔
