انیلا نایاب
گزشتہ سال گرمیوں کی چھٹیاں شروع ہوتے ہی ہم نے روزمرہ کی مصروفیات سے وقت نکال کر کسی خوبصورت اور پُرسکون مقام کی سیر کا پروگرام بنایا۔ سب کی مشاورت سے ، پنجاب کے ضلع اٹک، میں واقع تاریخی واہ گارڈن جانے کا فیصلہ ہوا۔
ہم نے ایک دن پہلے ہی سفر کی تیاری کر لی۔ کھانے پینے کی اشیا، ضروری برتن، قالین اور دیگر سامان گاڑی میں رکھ دیا تاکہ صبح روانگی میں دیر نہ ہو۔ اگلے دن ہم سویرے خوشی خوشی روانہ ہوئے۔ راستے بھر ہنسی مذاق اور باتوں کا سلسلہ جاری رہا اور سب کو منزل پر پہنچنے کا انتظار تھا۔
حسن ابدال کا واہ گارڈن مغلیہ دور کی تاریخی یادگار ہے، جسے مغل بادشاہوں نے باغبانی اور تفریح کے لیے خاص اہمیت دی۔ یہ باغ اپنی سرسبز ہریالی، پانی کے بہتے چشموں، تالابوں اور خوبصورت تعمیراتی انداز کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتا ہے۔ مغلیہ طرز کے باغات میں پانی کی نہریں، فوارے اور ترتیب سے لگائے گئے درخت اس دور کے ذوقِ جمال کی عکاسی کرتے ہیں۔ واہ گارڈن بھی اسی تاریخی ورثے کی ایک خوبصورت مثال ہے۔

وہاں پہنچ کر ہم نے ایک جگہ پر قالین بچھائی اور سامان رکھا۔ اس کے بعد باغ کی سیر کے لیے نکل پڑے۔ ٹھنڈی ہوا، درختوں کی چھاؤں اور پانی کی روانی نے سفر کی تھکن دور کر دی۔ تالاب میں مچھلیاں تیر رہی تھیں جبکہ ایک طرف سے بہتا پانی اور چشمے کا منظر بھی دلکش تھا۔ وہاں موجود سیاح اپنے خاندانوں کے ساتھ وقت گزار رہے تھے اور بچے باغ کے مختلف حصوں میں کھیلتے نظر آ رہے تھے۔

کچھ دیر گھومنے کے بعد ہم اپنی جگہ واپس آئے اور مل کر کھانا تیار کرنے لگے۔ کسی نے کھانا بنایا، کسی نے سلاد تیار کیا اور باقی افراد نے دوسرے کاموں میں ہاتھ بٹایا۔ ہمارے آس پاس دوسرے خاندان بھی اپنے روایتی کھانوں اور گھریلو پکوانوں سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ ایسے مقامات پر خاندان کے افراد کا مل بیٹھ کر کھانا تیار کرنا اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنا ہماری معاشرتی اور خاندانی ثقافت کا خوبصورت پہلو ہے۔ ہم نے بھی سب کے ساتھ مل کر کھانا کھایا اور پھلوں سے لطف اٹھایا۔
وقت گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔ ہریالی، ٹھنڈی ہوا، پانی کی آواز اور اپنوں کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات نے دن کو یادگار بنا دیا۔ شام ہوئی تو واپسی کا وقت آ گیا، اگرچہ وہاں سے جانے کو دل نہیں چاہ رہا تھا، لیکن ہم نے سامان سمیٹا اور گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔
.jpg)
واہ گارڈن کی یہ سیر ہمارے لیے محض تفریحی سفر نہیں تھی بلکہ تاریخ، ثقافت اور قدرتی حسن کو قریب سے دیکھنے کا موقع بھی تھی۔ ایسے تاریخی مقامات ہماری مشترکہ وراثت ہیں، جن کی حفاظت اور صفائی برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان سے لطف اندوز ہو سکیں۔
