پشاور کے علاقے ریگی میں مبینہ پرانی دشمنی کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار میاں بیوی پر فائرنگ سے شوہر جاں بحق جبکہ اہلیہ زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد 2021 سے جاری خاندانی دشمنی میں قتل ہونے والے سگے بھائیوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

 

واقعہ اس وقت پیش آیا جب میاں بیوی رامداس بازار سے خریداری کے بعد موٹرسائیکل پر واپس آرہے تھے۔ راستے میں ملزمان نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس سے شوہر موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی اہلیہ زخمی ہوگئی۔

 

زخمی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ ملزمان کو پہچانتی ہے اور یہ حملہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ اس سے قبل اس کے دو دیوروں کو بھی فائرنگ کرکے قتل کیا جاچکا ہے۔

 

پولیس کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان 10 ہزار روپے کے لین دین پر تنازع شروع ہوا تھا۔ اس معاملے پر جرگہ بھی ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ مخالف فریق 50 ہزار روپے ادا کرکے تنازع ختم کردے گا، تاہم اس فیصلے کے باوجود دشمنی ختم نہ ہوسکی۔

 

پولیس کے مطابق اس تنازع میں 2021 میں پہلے شمال خان، پھر رئیس خان اور اب عظمت خان کو قتل کیا گیا ہے۔ فائرنگ کے تازہ واقعے کے بعد ملزمان گھر بار چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں جبکہ پولیس نے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔