پشاور: محکمہ جنگلی حیات خیبر پختونخوا نے کتوں کی ریس کے انعقاد کے لیے نئے قواعد و ضوابط مقرر کردیے ہیں، جن کے تحت کتوں کو زندہ خرگوش کا غیر مہلک تعاقب کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم خرگوش کے شکار، اسے ہلاک کرنے، قبضے میں رکھنے اور تجارت پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق ریس کے دوران کتوں کے منہ پر مخصوص حفاظتی ماسک لگانا لازمی ہوگا جبکہ تعاقب شروع ہونے کے پانچ منٹ کے اندر زندہ خرگوش کو اسی مقام پر چھوڑنا ہوگا۔ اگر ریس کے دوران خرگوش زخمی یا ہلاک ہوا تو اسے غیر قانونی شکار تصور کیا جائے گا۔
نئے قواعد کے تحت گرے ہاؤنڈ کتے کے لائسنس کی فیس 2 ہزار روپے جبکہ پوائنٹر کتے کے لائسنس کی فیس 800 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ریس کے انعقاد کے لیے کم از کم سات دن پہلے درخواست دینا ہوگی، جس کی فیس 15 ہزار روپے ہوگی۔ گیم ریزرو یا کنزروینسی میں ریس کے لیے 5 ہزار روپے اضافی فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ اجازت نامہ اجرا کی تاریخ سے 28 دن تک مؤثر رہے گا۔

ہر ریس میں زیادہ سے زیادہ سات افراد اور 15 کتوں کو شرکت کی اجازت ہوگی۔ ریس صرف منظور شدہ مقامات پر ہفتے کے روز، دن کی روشنی میں اور غروب آفتاب سے پہلے منعقد کی جاسکے گی۔ نیشنل پارکس، وائلڈ لائف سینکچوریز اور دیگر محفوظ علاقوں میں ریس منعقد کرنے پر پابندی ہوگی، جبکہ گیم ریزرو میں ریس کے لیے متعلقہ کنزرویٹر وائلڈ لائف کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔
نجی زمین پر ریس منعقد کرنے کے لیے مالک کی پیشگی اجازت لینا ہوگی جبکہ اجازت نامہ کسی دوسرے شخص کو منتقل نہیں کیا جاسکے گا۔ ریس میں شریک کتوں کی صحت اور فلاح و بہبود یقینی بنانا بھی منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی پر ریس فوری طور پر معطل یا ختم اور کتوں کے لائسنس منسوخ کیے جاسکتے ہیں، جبکہ غیر قانونی شکار پر جرمانے اور قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔
