ضلع خیبر میں پولیس نے 18 جون 2026 کو موصول ہونے والی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ باڑہ کی حدود میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی فرانسیسی شہری خاتون کو بازیاب کر لیا۔
پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والی خاتون کی شناخت 54 سالہ سلوی یاسمینہ کے نام سے ہوئی ہے، جو 2014 سے ایک پاکستانی شہری سے شادی کے بعد باڑہ میں مقیم تھیں۔ ان کے پانچ بچے ہیں جن میں سے ایک بچہ سماعت اور گویائی سے محروم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: حج 2027 رجسٹریشن کا آغاز، آن لائن اندراج اور شرائط سے متعلق اہم اعلان
ابتدائی بیان میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے شوہر کی جانب سے مبینہ طور پر مسلسل بدسلوکی کا سامنا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی تھی۔
پولیس نے خاتون کو ان کے چار بچوں سمیت محفوظ تحویل میں لے کر ویمن پولیس اسٹیشن پشاور منتقل کر دیا ہے تاکہ انہیں مزید قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
متاثرہ خاتون نے وطن واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
