وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلان کیا ہے کہ حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز آج سے کیا جا رہا ہے، جبکہ عازمین حج گھر بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کروا سکیں گے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حج 2027 کی رجسٹریشن مکمل طور پر مفت ہوگی اور اسے "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن کے لیے درخواست گزاروں کے پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں نئی ٹیکس پالیسی نافذ، کس کاروبار پر کتنا سالانہ ٹیکس عائد ہوگا؟
سردار محمد یوسف کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد عازمین کو سرکاری یا نجی حج اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ حج کے انتظامات پر حجاج کرام نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹو مکہ اسکیم کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے اس سال لاہور کو بھی شامل کیا گیا، جبکہ تقریباً 80 فیصد پاکستانی حجاج اس سہولت سے مستفید ہوئے۔
