پاکستان کی معروف سندھی لوک گلوکارہ شازیہ خشک نے موسیقی کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے کے پس منظر سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ طویل عرصے تک منظرِ عام سے غائب رہنے والی گلوکارہ حال ہی میں ایک ویڈیو انٹرویو میں سامنے آئیں، جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں گفتگو کی۔
شازیہ خشک نے بتایا کہ معروف نعت خواں جنید جمشید کی وفات نے ان کی زندگی اور سوچ پر گہرا اثر ڈالا۔ اس واقعے کے بعد انہوں نے گلوکاری چھوڑنے اور موسیقی کی دنیا سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق انہوں نے 2018 میں باقاعدہ طور پر گلوکاری ترک کردی تھی۔ شازیہ خشک نے اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے جڑواں بچے بیرونِ ملک مقیم ہیں اور وہ خود تنہا رہتی ہیں، تاہم انہیں اللہ پر مکمل بھروسا ہے کہ وہ کسی انسان کو بے سہارا نہیں چھوڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں ہدایت دی، جس کے بعد ان کی سوچ اور زندگی کا رخ بدل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکاری چھوڑنے کے بعد شازیہ خشک نے کاروبار کی طرف توجہ دی اور اب روایتی ملبوسات، جلد کی نگہداشت سے متعلق مصنوعات اور زیورات کا چھوٹا کاروبار چلا رہی ہیں۔
شازیہ خشک کا شمار سندھ کی مقبول لوک گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہیں خصوصی شہرت ان کے معروف گیت ’لال میری پت‘ سے ملی، جس نے انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین میں پہچان دلائی۔
