پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور رنگ روڈ کے ہزار خوانی انٹر سیکشن پر اوور پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور ری وائیٹلائزیشن پلان کے تحت 1257 ملین روپے کی لاگت سے 6 لینز پر مشتمل اوور پاس تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ منصوبے کا مقصد شہر میں ٹریفک کے مسائل کم کرنا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے اور سال 2026-27 امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور ری وائیٹلائزیشن پلان میں 200 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جو پشاور کے عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور کے عوام نے قبائلی اضلاع اور ملاکنڈ ریجن کے لوگوں کو اپنے دلوں میں جگہ دی، اسی جذبے کے تحت شہر کی ترقی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بڑے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا وژن عوام تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض عناصر حکومت کو بدنام کرنے کے لیے من گھڑت پروپیگنڈا کر رہے ہیں، تاہم حکومت نے ایسے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزامات لگانے والوں سے ثبوت مانگے گئے مگر آج تک کوئی قابلِ اعتبار ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی مبینہ کرپشن پر کوئی بات نہیں کرتا جبکہ انصاف کے حصول میں بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ میڈیا اور عدالتی نظام کو مفلوج کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف فسطائیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں کسی دباؤ یا طاقت سے پیچھے نہیں ہٹایا جا سکتا اور وہ خون کے آخری قطرے تک عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
