نوشہرہ میں قائم پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی رسالپور کا ایک تربیتی طیارہ پیر کے روز فنی خرابی کے باعث مردان کے قریب معمول کے تربیتی مشن کے دوران حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دو افسران شہید جبکہ زمین پر موجود تین راہگیر زخمی ہو گئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں پاکستان ایئر فورس کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی سوار تھے، جو حادثے کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کر گئے۔ طیارہ زمین سے ٹکرانے کے بعد اس کا ملبہ قریبی علاقے میں پھیل گیا، جس کی زد میں آ کر تین راہگیر بھی زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: کرم: گھر پر مبینہ ڈرون حملہ، ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی
حادثے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل زہیر احمد بابر سدھو نے دونوں افسران کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے شہداء کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فرض شناسی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خدمت میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے یہ بہادر افسران پاک مسلح افواج کی اعلیٰ روایات کے امین تھے۔

ایئر چیف مارشل نے مزید کہا کہ شہداء کی جرات، قربانی اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور یہ افسران آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر و استقامت نصیب کرے۔
