پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے کل سے 13 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز بارشوں کے ساتھ ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: کھیت کو پانی دینے کے تنازع پر فائرنگ، میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پشاور، مردان اور نوشہرہ سمیت میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان کا خدشہ ہے۔ کسانوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری، وسائل کی بروقت فراہمی، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے، جبکہ سیاحوں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیز بارشوں کے دوران سیلابی ریلوں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔