خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 10 سے 12 مئی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی متوقع ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

 

ترجمان کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

 

ادارے کے مطابق تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جبکہ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان ہو سکتا ہے، اس حوالے سے کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

 

ترجمان کے مطابق متعلقہ اداروں کو اہم شاہراہیں کھلی رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

 

ادارے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ تیز بارشوں کے دوران سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔