پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے افغانستان کے اسلام آباد میں تعینات سفیر سردار احمد خان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور اور باہمی تعاون خصوصاً افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران افغان سفیر نے مہاجرین کی واپسی کے مراکز کے دورے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کیا۔ انہوں نے نادرا وینز کی تعداد میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید اضافہ کرنے کی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: آئندہ دو روز میں کہاں گرمی اور کہاں بارش کا امکان ہے
افغان سفیر نے رجسٹریشن مکمل کرنے والے مہاجرین کو واپسی کی اجازت دینے کی بھی اپیل کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی اور مہمان ہیں اور حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کاؤنٹرز اور نادرا وینز کی تعداد بڑھانے کے لیے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مہاجرین کی واپسی کے مراکز اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کی روزانہ بنیاد پر نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مہاجرین کو آسانی فراہم کی جا سکے۔
