ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق ملک بھر میں حج فلائٹ آپریشن تیزی سے جاری ہے، اور اب تک 21 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 250 سرکاری عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عازمین کو مرحلہ وار منظم انداز میں سعودی عرب روانہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق آج (منگل) مزید 13 حج پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 510 عازمین کو روانہ کیا جائے گا۔ ان میں اسلام آباد سے 4 پروازیں جبکہ کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے 2، 2 پروازیں روانہ ہوں گی، جبکہ سیالکوٹ سے بھی ایک پرواز اڑان بھرے گی۔
حج آپریشن میں قومی اور نجی ایئرلائنز حصہ لے رہی ہیں، جن میں پی آئی اے، سعودی ایئر، ایئر بلیو اور ایئر سیال شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: وادی تیراہ میں بلوچستان کے رہائشی چار مزدور اغوا، واقعہ کیسے پیش آیا؟
عازمین کی سہولت کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں قائم 10 حاجی کیمپوں میں تربیت، سفری کاغذات کی تیاری اور ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔
اس کے علاوہ عازمین کی رہنمائی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر وزارتِ مذہبی امور کا عملہ 24 گھنٹے موجود ہے، تاکہ کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق حج فلائٹ آپریشن 21 مئی تک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔
