خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے وادی تیراہ راجگال کوکی خیل میں سڑک تعمیر کرنے والے چار مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر گئے۔
ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والوں میں ایکسیویٹر آپریٹر حلیم شاہ ولد رحیم شاہ قوم مندوخیل سکنہ ژوب بلوچستان، ایکسیویٹر آپریٹر جنت خان ولد عبدالکریم قوم کاکڑ سکنہ ژوب بلوچستان، احسان اللہ ولد محمد حسین قوم مندوخیل سکنہ ژوب بلوچستان اور ایک مزدور خان نامی شامل ہیں۔
تمام افراد ر کل راجگال کوکی خیل معمول کے مطابق سڑک کی تعمیر میں مصروف تھے کہ مسلح افراد نے انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: وانا میں ایس ڈی او واپڈا نور اسلم پر فائرنگ
پولیس کے مطابق واقعہ وادی تیراہ کے علاقہ راجگال کوکی خیل میں پیش آیا ہے، جہاں پر سڑک تعمیر کرنے والے چار مزدوروں کو دہشتگردوں نے اغوا کر لیا۔ جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سیکیورٹی اداروں اور مقامی انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغویوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب عوامی اور سیاسی حلقوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی تیراہ کے دور دراز علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ٹھیکیداروں و مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر ترقیاتی کام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
