محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے دوران خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر: وادی تیراہ متاثرین کی واپسی کی مدت پوری، واپسی کب شروع ہوگی؟
جمعرات کے روز چترال، دیر (اپر و لوئر)، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان (اپر و لوئر)، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی اور وزیرستان کے اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں شام اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
جمعہ کے روز صوبے کے تقریباً تمام اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں سمیت میدانی اضلاع میں بھی بارش کے سلسلے جاری رہنے کی توقع ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ممکنہ موسمی صورتحال کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم ضلع کرم میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
