خیبر پختونخوا میں 16 سے 19 اپریل تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے کسانوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھا جائے، وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے کے ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے۔
مزید برآں متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی فوری صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کا کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیز بارشوں کے دوران سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دی جا سکتی ہے۔
