خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں مضر صحت حلوہ کھانے سے تین مزدور جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان گاوں پلوسکی پہاڑ پر مزدوری کے لیے گئے تھے جہاں انہیں ایک مشتبہ حلوہ ملا، جسے کھانے کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: معاہدہ نہ ہو سکا، امریکا کی آخری پیشکش، جے ڈی وینس وطن واپس روانہ
دو نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ تیسرا نوجوان ہسپتال منتقل کرتے ہوئے راستے میں جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے مزید کہا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق حاجی جمال خان کرمیزئی خاندان سے ہے، جن کی شناخت شیران خان، فتح محمد اور نور محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تینوں آپس میں کزن تھے اور پہاڑ سے پتھر لانے کی مزدوری کرتے تھے۔
لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مفتی محمود ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
