خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے جدید بانڈہ میں مکان کی چھت گرنے سے چار کمسن بچیاں جاں بحق جبکہ مکان کے مالک فضل غنی سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

 

ریسکیو 1122 کے مطابق تھانہ دوآبہ کی حدود میں واقع جدید بانڈہ میں حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے چاروں بچیوں کو ملبے سے نکالا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ بعد ازاں ان کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

 

پولیس کے مطابق مکان کے ایک کمرے میں تعمیراتی کام جاری تھا اور وہاں سے ملبہ دوسرے کمرے کی چھت پر ڈالا جا رہا تھا۔ اضافی بوجھ برداشت نہ کرنے کے باعث چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں چار بچیاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔

 

ایس ایچ او تھانہ دوآبہ واحد نور کے مطابق حادثے میں مکان کے مالک فضل غنی اور دو خواتین بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔