پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 5 میں نادرا آفس کے عقب میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہد خان  کے قتل سے متعلق پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعے کی وجہ سابقہ خاندانی دشمنی قرار دے دی ہے۔

 

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے، جبکہ پولیس سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 

پولیس کے مطابق مقتول اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد ولد شاروم، سکنہ کافور ڈھیری تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کیے۔

 

سی سی پی او کے مطابق واقعے کے اصل حقائق جاننے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

 

یاد رہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم ملزمان نے حیات آباد فیز 5 میں نادرا آفس کے عقب میں فائرنگ کرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا فہدخان  کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 8 خالی خول برآمد کیے تھے اور مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی تھی۔