کرم پولیس نے گلگت بلتستان کے علاقے سکردو میں میاں، بیوی اور ان کے دو کم سن بچوں کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مبینہ طور پر واردات میں ملوث دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا، جنہیں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سکردو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے سکردو میں نامعلوم ملزمان نے ایک خاندان کے چار افراد کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد سکردو پولیس نے تحقیقات شروع کیں، جن کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول شوہر کا تعلق سکردو جبکہ ان کی اہلیہ کا تعلق پاراچنار سے تھا۔

 

واقعے کی اطلاع خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کو دی گئی، جنہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ شاکر حسین داوڑ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم ڈاکٹر سعد آفریدی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

 

ڈی پی او کرم کی ہدایت پر ایس پی لوئر کرم نصیر علی خان اور فلک نواز بنگش کی قیادت میں پولیس کی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ڈی ایس پی سرکل عنایت خان، مظہر علی، ایس ایچ او تھانہ سمیر افتخار احمد، ایس ایچ او تھانہ آگرہ زائد حسین طوری، ایس ایچ او تھانہ صدہ عبید الرحمٰن اور اے ایس ایچ او ارشاد حسین سمیت پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس اور لیڈی پولیس کے اہلکار شامل تھے۔

پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے لوئر کرم کے علاقے سمیر حسن علی کلے میں چھاپہ مارا اور قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزمان سید رجب حسین اور سید حلیم حسین ولد بادشاہ حسین، ساکنان حسن علی کلے سمیر، کو گرفتار کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کے دوران اہم معلومات حاصل کی گئیں، جن کی مدد سے قتل کے اس مقدمے کا سراغ لگایا گیا۔ بعد ازاں ضروری قانونی تقاضے اور کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے سکردو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 

کرم پولیس نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔