خیبرپختونخوا حکومت نے کم آمدنی والے موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کے لیے عوام دوست اور فلاحی اقدام "احساس فیول سپورٹ پروگرام" کی رجسٹریشن آج 6 اپریل سے شروع کر دی ہے۔
اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ مالکان کو ماہانہ 2 ہزار روپے فیول سپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ مہنگائی کے دباؤ کو کم اور روزمرہ سفر کو آسان بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان متحدہ عرب امارات کے قرضے کب واپس کرے گا؟ حکومت نے فیصلہ کر لیا
اسکیم سے صرف اپنے نام پر رجسٹرڈ موٹر سائیکل یا اسکوٹر رکھنے والے شہری مستفید ہو سکیں گے۔ درخواست دینے کے لیے شناختی کارڈ، رجسٹریشن بک، گاڑی کی تصویر اور مکمل کوائف اپ لوڈ کرنا ضروری ہیں۔
ٹرانسفر شدہ گاڑی کی صورت میں فروخت کنندہ اور خریدار دونوں کی تصدیق لازمی ہوگی۔
درخواستوں کی تصدیق ای سہولت اور ای ٹی او کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت اور درستگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان نے کہا کہ یہ اقدام عوامی ریلیف کے تسلسل میں حکومت کی اہم پیش رفت ہے اور انہوں نے کہا کہ“ہمارا وژن ریلیف کو براہ راست مستحق شہری تک پہنچانا ہے اور مہنگائی کے دباؤ کو کم کر کے روزمرہ زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔”
وزیر ایکسائز نے مزید کہا کہ یہ فیول سپورٹ عام شہری کے سفری بوجھ میں کمی کا عملی اقدام ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ ریلیف، شفافیت اور خدمات ہر شہری تک پہنچیں۔
یہ اسکیم بانی چئیرمین عمران خان کے فلاحی وژن کے تحت عوامی ریلیف کے وعدوں پر عمل درآمد کی ایک عملی جھلک بھی ہے۔
