خیبر: رکن صوبائی اسمبلی و ڈیڈک چیئرمین خیبر عبدالغنی آفریدی نے اپنے دفتر میں وادی تیراہ کے متاثرین سے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے متاثرین کے مسائل تفصیل سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

 

عبدالغنی آفریدی کا کہنا تھا کہ آفریدی اقوام کے تمام افراد کا تعلق وادی تیراہ سے ہے، تاہم حکومتی پیکج صرف حقیقی متاثرین کیلئے مختص ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض افراد نے متاثرین کے نام پر رجسٹریشن کروا رکھی ہے جس کے باعث اصل مستحقین اپنے حق سے محروم ہو رہے ہیں۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا دفتر ہر وقت عوام کیلئے کھلا ہے اور وادی تیراہ کے متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے نام پر کسی بھی قسم کی کرپشن یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

 

یہ بھی پڑھیں:  پشاور: محکمہ تعلیم کا بڑا اقدام، ہزاروں آسامیوں کی چھان بین شروع

 

 

عبدالغنی آفریدی کے مطابق ان کے دفتر میں وادی تیراہ سے تعلق رکھنے والے آفریدی اقوام کے ہر قبیلے کی نمائندگی کیلئے نمائندے مقرر کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کے مسائل کے حل میں آسانی ہو۔

 

انہوں نے ان متاثرین سے اپیل کی کہ جنہیں تاحال مالی امداد موصول نہیں ہوئی وہ اپنا مکمل ڈیٹا متعلقہ نمائندوں کے پاس جمع کروائیں۔

اس موقع پر وادی تیراہ کے متاثرین نے عبدالغنی آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔