پشاور میں محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر غلط تعیناتیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد محکمہ نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے سرکاری اسکولوں میں ہیڈ ماسٹر کی آسامیوں پر سبجیکٹ اسپیشلسٹ تعینات ہیں، جبکہ سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی آسامیوں پر متعدد ہیڈ ماسٹرز طویل عرصے سے فرائض انجام دے رہے
ہیں، جو مقررہ قواعد کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: افغانستان میں پھنسے پاکستانی ڈرائیورز مالی بحران اور بیماریوں سے دوچار
اس صورتحال پر محکمہ نے تمام اضلاع کے تعلیمی حکام سے غلط تعیناتیوں کی جامع تفصیلات طلب کر لی ہیں اور واضح ہدایت کی ہے کہ مطلوبہ معلومات دو روز کے اندر فراہم کی جائیں۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں تفصیلات موصول نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ آسامیوں کو خالی تصور کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ نے اس مقصد کے لیے باقاعدہ پروفارما بھی جاری کیا ہے، جسے مکمل کرکے بروقت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موصول ہونے والی تفصیلات کا تفصیلی جائزہ آئندہ منعقد ہونے والے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کے اجلاس میں لیا جائے گا۔
