خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ نے افغان مہاجرین کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے تحت انہیں کل صبح 8 بجے تک کی مہلت دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق تحصیل ناواگئی میں کارروائی ڈپٹی کمشنر شاہد علی کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔ اس دوران تحصیلدار عالم زیب کی نگرانی میں افغان مہاجرین کو علاقہ خالی کرنے کے احکامات سے آگاہ کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہاجرین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے قیام کی جگہیں خالی کریں اور واپسی کے لیے طورخم بارڈر کے راستے افغانستان روانگی کی تیاری کریں۔
مقامی افراد کی درخواست پر مہاجرین کو محدود مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی تیاری مکمل کر سکیں۔
انتظامیہ کے مطابق مقررہ وقت کے بعد علاقہ خالی نہ کرنے کی صورت میں پولیس کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران لیڈیز پولیس اہلکار بھی موجود ہوں گی تاکہ خواتین سے متعلق معاملات کو مناسب انداز میں نمٹایا جا سکے۔
