رمضان ہر مسلمان کے لیے ایک خاص اور روحانی مہینہ ہے۔ سحری اور افطار کے لمحات، عبادت کی فضا، صبر اور نیکی کی خوشبو دل کو سکون اور اطمینان دیتی ہے۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب لوگ اللہ کے قریب ہونے اور اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
لیکن اس مقدس مہینے میں کچھ لوگ ایسے حالات سے گزرتے ہیں جو باہر سے صحت مند نظر آتے ہیں، مگر حقیقت میں بیمار ہو مشکل حالات سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ خاص طور پر خواتین کے لیے وہ دن جب انہیں اپنے مخصوص ایام کا سامنا ہوتا ہے، یا وہ لوگ جو بیماری یا کمزوری کی وجہ سے روزہ رکھنے کے قابل نہیں ہوتے۔
اسلام نے عبادت کے ساتھ آسانی رکھی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دین کو انسان کے لیے بوجھ نہیں بنایا۔ اسی لیے خواتین کو اپنے مخصوص ایام میں روزہ نہ رکھنے کی اجازت دی گئی ہے اور بیمار افراد کے لیے بھی یہ سہولت موجود ہے کہ وہ بعد میں قضا کر لیں۔
یہ بھی پڑھیے: کیا آپ کی چند سیکنڈ کی ویڈیو کسی کے مستقبل پر اثر انداز ہو سکتی ہے؟
بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اکثر لوگ اس حقیقت کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور دوسروں پر سوالات یا تنقید شروع کر دیتے ہیں
رمضان میں خواتین کے لیے ایک حساس لمحہ سحری کے وقت آتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں وہ خواتین جو مخصوص ایام کی وجہ سے روزہ نہیں رکھتیں، سہری کے وقت باقاعدہ اٹھتی ہیں، کھانا بناتی ہیں، کھاتی ہیں اور گھر کے مردوں—بھائی، والد کے ساتھ بیٹھتی ہیں۔
حقیقت میں انہیں روزہ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی، لیکن وہ یہ سب اس لیے کرتی ہیں کہ گھر کے مرد کہیں یہ نہ کہیں کہ "تم نے روزہ کیوں نہیں رکھا"۔ یہ عمل سماجی دباؤ اور تنقید کے خوف کی وجہ سے ہوتا ہے، تاکہ کسی قسم کی شرمندگی یا سوالات سے بچا جا سکے۔ یوں وہ اپنی مجبوری کے باوجود اپنی عزت اور وقار کو محفوظ رکھتی ہیں۔
اسی طرح بہت سی ورکنگ خواتین رمضان کے دنوں میں مخصص ایام کےدوران اپنے بیگ میں چھوٹا سا کھانے پینے کا سامان رکھ لیتی ہیں جیسے بسکٹ، پھل یا جوس تاکہ اگر کمزوری محسوس ہو تو تھوڑی سی توانائی حاصل کر سکیں۔
مگر پھر بھی وہ کسی چھپی ہوئی جگہ کی تلاش کرتی ہیں، کسی کونے میں جا کر ایک دو نوالے کھا لیتی ہیں۔ یہ سب صرف اپنی کمزوری دور کرنے کے لیے ہوتا ہے۔
اس کے باوجود بعض لوگ حقیقت جانے بغیر فوراً طنز کرتے ہیں اور کہتے ہیں:
“اس نے روزہ نہیں رکھا!”حالانکہ ہر انسان کی اپنی مجبوری اور حالت ہوتی ہے اور ہر ایک اپنی نیت اور طاقت کے مطابق عمل کرتا ہے۔
یہ صورتحال صرف خواتین تک محدود نہیں۔ ہمارے معاشرے میں دیگر افراد بھی رمضان میں بعضاوقات کمزوری یا بیماری کا سامنا کرتے ہیں۔ طبی مسائل کی وجہ سے دن میں تھوڑا سا کھانا یا دوا لینے پر مجبور ہوتے ہیں مگر معاشرتی دباؤ یا لوگوں کے طعنوں کے خوف کی وجہ سے وہ بھی اکثر روزہ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کچھ لوگ سنگین بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں لیکن انہیں کہا جاتا ہے کہ روزہ نہ رکھا تو گناہ ہوگا یا قیامت کے دن جواب دینا پڑے گا۔ ایسی باتیں سن کر وہ اپنی صحت کو نظر انداز کر کے روزہ رکھتے ہیں حالانکہ اللہ تعالیٰ ہر انسان کے دل اور نیت کو بہتر جانتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ روزہ اور عبادت کا تعلق صرف انسان اور اللہ کے درمیان ہے۔ کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ دوسروں کے ایمان یا نیت کا فیصلہ کرے۔ اگر کوئی بیماری، کمزوری یا خواتین کے مخصوص دنوں کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکے تو یہ صرف اس فرد اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے۔
رمضان کا اصل پیغام صبر، برداشت اور دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنا ہے۔ ہمیں دوسروں کے حالات کو سمجھے بغیر طنز یا سوالات نہیں کرنے چاہئیں۔
جب معاشرے میں یہ شعور پیدا ہو جائے کہ ہر انسان کی عزت اور حالت کا احترام ضروری ہے تو شاید پھر کسی کو دو گھونٹ پانی پینے کے لیے چھپنا نہ پڑے اور کوئی بیمار صرف لوگوں کے خوف سے روزہ رکھنے پر مجبور نہ ہو۔
اصل نیکی یہی ہے کہ ہم دوسروں کے حالات کو سمجھیں، ان کا احترام کریں اور جہاں ممکن ہو آسانی پیدا کریں۔ یہی چھوٹی چھوٹی حساسیتیں ہمارے معاشرے کو مہذب، انسان دوست اور بااخلاق بناتی ہیں۔
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
