لکی مروت کے سب ڈویژن بیٹنی کے علاقے میں تھانہ شادی خیل اور  قریبی سیکیورٹی فورسز کیمپ پر نامعلوم مسلح افراد نے رات کے وقت حملہ کر دیا۔

 

حملے کے دوران دونوں جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: ساؤتھ وزیرستان ڈی پی او کے خلاف کمیشن کا ایکشن، مانسہرہ ڈی پی او کو شوکاز نوٹس

 

فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار عرفان اللہ اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار وسیم شہید ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ سے قریبی سول آبادی بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ اس سے دو روز قبل بھی اسی علاقے میں ایک کے بعد ایک پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔

 

 گاؤں عبدالخیل سے تعلق رکھنے والے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکار فرید اللہ کو اغواء کے بعد شہید کر دیا گیا تھا۔

 

اگلے روز اسی گاؤں کے رہائشی جیل پولیس اہلکار کو احمدخیل اڈہ سے اغواء کے بعد قتل کر دیا گیا، جبکہ کرک جیل میں تعینات اہلکار صدیق اللہ کی لاش احمدخیل کے علاقے سے برآمد ہوئی تھی۔

 

گزشتہ ہفتے بھی گاؤں بیگوخیل سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان صفی اللہ اور افنان کو لنگرخیل ہاتھی خان کے قریب فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا، جبکہ نامعلوم افراد ان سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی چھین کر فرار ہو گئے تھے۔