وزارت داخلہ نے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام میں بڑی اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے نارمل پاسپورٹ کی مدت 21 دن سے کم کرکے 14 دن مقرر کر دی ہے۔

 

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جن میں پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام کے نفاذ کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: لکی مروت: سب ڈویژن بیٹنی کے تھانہ شادی خیل اور سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ

 

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں 15 روز کے اندر مکمل کیش لیس سسٹم نافذ کیا جائے گا، جس سے نقد ادائیگی کا نظام ختم ہوگا اور ایجنٹ مافیا کی روک تھام میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی۔

 

وزیر داخلہ نے بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس عمل کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔

 

اس کے علاوہ پاسپورٹ کی گھروں تک ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو براہ راست اور آسان سہولت فراہم کی جا سکے۔