وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایرانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر ایرانی قونصل جنرل سے تعزیت کی۔

 

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا انتقال صرف ایران نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے نقصان ہے اور پاکستان و خیبرپختونخوا کے عوام اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے:  پشاور: نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پشاور دوبارہ منتقل، عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں میچز کب سے ہوں گے

 

 انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے والے دو رہنما تھے، ایک شہید ہو چکے ہیں اور دوسرا قید میں ہے، اور اگر ایران کو ڈاکٹرز، ادویات، اسپیشل نرسنگ یا کسی بھی قسم کی مدد کی ضرورت ہوئی تو خیبرپختونخوا بھرپور تعاون کرے گا۔

 

ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا نے وزیر اعلیٰ اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دشمنوں نے ہمارے سپریم لیڈر کو شہید کیا جو پوری قوم کے لیے باپ کی حیثیت رکھتے تھے۔ 

 

انہوں نے بتایا کہ ہمارے لیڈر ہمیشہ اسلام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کام کرتے رہے اور ایران نے جنگ شروع نہیں کی، مگر اپنے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے۔

 

 قونصل جنرل نے کہا کہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی تھے جن میں خواتین، بچے اور اسکول کے 160 بچے بھی شہید ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی مدد اور برادر ملک پاکستان و خیبرپختونخوا کے عوام کی حمایت ہی وہ طاقت ہے جس سے دشمن خوفزدہ ہے۔