خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (KPITB) نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈیجیٹل انٹرن شپ پروگرام 2025–26 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو چھ ماہ تک ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبوں میں عملی تجربہ فراہم کرنا اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت انٹرنز کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس، UI/UX ڈیزائن، ویب ڈویلپمنٹ، ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائن اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت مختلف جدید شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔
منتخب امیدواروں کو خیبر پختونخوا کے آئی ٹی پارک کمپنیوں، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن یونٹ اور متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں تعینات کیا جائے گا تاکہ وہ پیشہ ورانہ ماحول میں کام کرتے ہوئے عملی مہارت حاصل کر سکیں۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خواتین کی ڈیجیٹل معیشت میں شمولیت بڑھانا، ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
دلچسپی رکھنے والی خواتین امیدوار سرکاری پورٹل joinit.kp.gov.pk/list/jobs کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتی ہیں، جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 13 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔
