اسلام آباد دھماکہ کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے مزید چار اہم دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دو ملزمان کو ضلع نوشہرہ کے علاقے پبی سے جبکہ دو سہولت کاروں کو باجوڑ سے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد رمضان المبارک کے دوران بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے پی ٹی آئی کے رہنما ریحان زیب سمیت 11 سے زائد دہشت گردی واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ دونوں گروپس نوشہرہ میں خوشبو کے کاروبار کی آڑ میں سرگرم تھے۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: امام بارگاہ کے قریب خودکش دھماکہ،31 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ اور دو چنگ چی رکشے بھی برآمد کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق داعش خراسان گروپ سے ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد باجوڑ کے شناختی کارڈز پر نوشہرہ میں رہائش پذیر تھے اور 40 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر مکان حاصل کیا گیا تھا۔ جس شناختی کارڈ پر گھر لیا گیا وہ ابتدائی طور پر پولیس ریکارڈ میں کلیئر تھا تاہم بعد ازاں ٹریس کر لیا گیا۔
گرفتار افراد میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے جس کا تعلق افغانستان سے بتایا جارہا ہے اور جسمانی معذوری کا شکار ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔
