خیبر پختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور خاتون کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ایک ممکنہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا دیا گیا۔

 

محکمہ کے حکام کے مطابق حساس اداروں کی اطلاع پر شیخ یوسف خیمہ بستی میں چھاپہ مارا گیا، جہاں خصوصی ٹیم نے ایک نوجوان خاتون کو حراست میں لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران خاتون نے بتایا کہ وہ کالعدم تنظیم کی رکن ہے اور خودکش حملے کے لیے تیار تھی۔

 

یہ بھی پڑھیے:  بنوں: خودکش حملے کی کوشش ناکام، لیفٹیننٹ کرنل گل فراز اور ایک سپاہی شہید، 5 شدت پسند ہلاک

 

حکام کے مطابق خاتون نے بتایا کہ اسے خودکش جیکٹ اور ہدف کالعدم تنظیم کے ایک کمانڈر کی طرف سے فراہم کرنا تھا، اور وہ پہلے ایک مبینہ خارجی کمانڈر کی تربیت میں بھی رہی ہے جو اب ہلاک ہو چکا ہے۔

 

چھاپے کے دوران خیمے سے ایک بیگ برآمد ہوا جس میں پستول بمعہ کارتوس، دو موبائل فون، پاور بینک اور ایک پرفیوم تھا، جسے بارود کی خوشبو چھپانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ موبائل فونز سے کالعدم تنظیم سے رابطوں کے شواہد بھی ملے۔ملزمہ کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

محکمہ انسداد دہشت گردی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں دہشت گردوں کے منصوبے ناکام بنانے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔