بنوں میں سکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، تاہم کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں علاقے میں شدت پسندوں کی موجودگی اور ایک خودکش بمبار کی اطلاع ملی تھی۔

 

 سکیورٹی فورسز نے فوری اقدام کرتے ہوئے خودکش بمبار کو روک لیا اور بڑے نقصان کا خدشہ ٹال دیا۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی ہونے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ بعد ازاں دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

 

حملے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز (عمر 43 سال، ساکن ضلع مانسہرہ) شہادت پا گئے۔ ان کے ساتھ سپاہی کرامت شاہ (عمر 28 سال، ساکن ضلع پشاور) بھی جام شہادت نوش کر گئے۔

 

پاک فوج کے مطابق شدت پسند افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گے اور شہدا کی قربانیاں قومی سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔