ضلع خیبر کی تحصیل علی مسجد کے پہاڑی علاقے میں نوجوان لڑکی کے اندوہناک قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا، تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے نامعلوم افراد نے نوجوان لڑکی کو بے دردی سے قتل کردیا تھا، جس پر تھانہ علی مسجد میں مقدمہ درج کیا گیا۔ 

 

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او امجد آفریدی اور تفتیشی افسر رحمان علی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور جدید سائنسی طریقۂ تفتیش اپناتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ 

 

کارروائی کے دوران تین ملزمان گلشالی ولد لعل جاگل، شاضمیر ولد کشمیر اور عبدالرحیم ولد عنایت ساکنان زخہ خیل شین کمر باڑہ کو گرفتار کرکے حوالات منتقل کردیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی پر علی مسجد پولیس کو سراہتے ہوئے ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ان ٹریس کیس تھا جو خیبر پولیس کے لیے چیلنج تھا، تاہم ٹیم نے مہارت سے اسے حل کرکے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کردیا۔

 

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو بروقت انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور خیبر پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت متحرک ہے۔