طورخم کسٹمز حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے آنے والی ایک گاڑی کے ٹائروں میں خفیہ طور پر چھپائی گئی تقریباً تین کروڑ روپے مالیت کی چاندی برآمد کر لی اور اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں دریاؤں کے کناروں پر غیر قانونی کان کنی پر دفعہ 144 نافذ
تفصیلات کے مطابق طورخم بارڈر پر معمول کی چیکنگ کے دوران کسٹمز اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی کے ٹائروں کی ساخت غیر معمولی محسوس ہونے پر انہیں کھولا گیا، جہاں سے مہارت کے ساتھ چھپائے گئے چاندی کے ٹکڑے (بسکٹ) برآمد ہوئے۔
کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ چاندی کو ٹائروں کے اندرونی حصے میں اس انداز سے رکھا گیا تھا کہ بظاہر وہ عام ٹائر دکھائی دیں۔ کارروائی کے بعد برآمد شدہ چاندی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ گاڑی اور ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
