ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ یارک پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کر دیا۔ حملے کے بعد پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

 

یہ بھی پڑھیے:  بنوں: تھانہ میریان کے سامنے دھماکہ، بچے سمیت 2 افراد جاں بحق، 16 زخمی

 

دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد بلال شہید ہوگئے، جبکہ کانسٹیبل حضرت عمر اور کانسٹیبل خیال محمد زخمی ہوگئے۔ شہید کانسٹیبل محمد بلال کی جسد خاکی اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سجاد احمد صاحبزادہ، ایس پی سٹی مرتضیٰ خان بنگش، ایس پی پہاڑپور اقبال بلوچ اور ایس ڈی پی او سٹی سرکل غازی ملک عابد اقبال فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچ گئے اور زخمی اہلکاروں کی عیادت کے ساتھ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔